ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / نامکمل تعمیری کام، بنیادی سہولتوں کی کمی - مسافروں کی پریشانی کا سبب بنا ہے بھٹکل کا 'ہائی ٹیک' بس اسٹینڈ   

نامکمل تعمیری کام، بنیادی سہولتوں کی کمی - مسافروں کی پریشانی کا سبب بنا ہے بھٹکل کا 'ہائی ٹیک' بس اسٹینڈ   

Wed, 25 Oct 2023 19:04:29    S.O. News Service

بھٹکل 26 / اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل میں 'ہائی ٹیک' بس اسٹینڈ کی تعمیر کو چھ سال ہوگئے مگر نا مکمل تعمیری کام اور بنیادی سہولتوں کی وجہ سے بس اسٹینڈ کی جو حالت ہے وہ بیان سے باہر ہے ۔
    
قلب شہر میں بنے ہوئے اس بس اسٹینڈ کے اطراف ابھی تک کمپاونڈ تعمیر نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے نجی موٹر گاڑیوں براہ راست بس اسٹینڈ کے گھومتی پھرتی نظر آتی ہیں ۔ بس اسٹینڈ کے احاطے اور اطراف میں موجود گندگی کے علاوہ واش روم کی دیکھ ریکھ مناسب انداز میں نہ ہونے کی وجہ سے جو حالت وہ یہاں پاکی صفائی کی طرف دھیان نہ دینے کا منھ بولتا ثبوت ہے ۔
    
بس اسٹینڈ میں مسافروں کے لئے ایک طرف پینے کے پانی کا انتظام نہیں ہے تو دوسری طرف بس اسٹینڈ کے اندر موجود کینٹین بند پڑی ہے ۔ نیشنل ہائی وے متصل اس بس اسٹینڈ کے داخلی راستے پر جو گڈھے  ہیں وہ برسوں سے اسی طرح منھ کھولے پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے روزانہ سیکڑوں کی تعداد میں سرکاری بسوں سے سفر کرنے والے ، طلباء، خواتین اور معمر افراد کے لئے ایک تو چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی ہے دوسرے نیچے گرنے اور ہاتھ پیر تڑوانے کا خطرہ بنا رہتا ہے ۔ برسات کے موسم میں یہ علاقہ تالاب میں تبدیل ہو جاتا ہے اور بس اسٹینڈ کے اندر پہنچنا اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنے کے برابر ہوتا ہے ۔
    
ریاستی حکومت نے اب جو شکتی اسکیم جاری کی ہے اس کی وجہ سے بس اسٹینڈ میں ہر وقت مسافروں کا ہجوم رہتا ہے ۔ ایسے میں بس اسٹینڈ میں بسوں کا انتظار کرنے کے لئے مسافروں کے لئے بیٹھنے کا صحیح انتظام بھی نہیں ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔
    
بھٹکل میں ہائی ٹیک بس اسٹینڈ تعمیر کرنے کا منصوبہ منکال وئیدیا نے اُس وقت بنایا تھا جب وہ اس علاقے کے رکن اسمبلی تھے ۔ جب سنیل نائک ایم ایل اے بنے تو اس کی تعمیر شروع ہوئی مگر تا حال یہ کام مکمل نہیں ہوا ۔ تقریباً ڈیڑھ سال قبل اس بس اسٹینڈ کا باضابطہ افتتاح کیے بغیر ہی بس اسٹینڈ کو عوامی استعمال کے لئے شروع کر دیا گیا ۔ 
    
 اس ہائی ٹیک بس اسٹینڈ کی حالت زار کے بارے میں پوچھنے پر بھٹکل بس ڈپو کے منیجر دیواکر کہتے ہیں کہ : بھٹکل ہائی ٹیک بس اسٹینڈ کے لئے دو کروڑ روپے کا منصوبہ بنایا گیا تھا، مگر طے شدہ فنڈ جاری نہ ہونے کی وجہ سے تعمیری کام ادھورا پڑا ہوا ہے ۔ 
    
اب حالت یہ ہے کہ ایک طرف ہائی ٹیک بس اسٹینڈ پوری طرح تیار نہیں ہوا تو دوسری طرف اس سے متصل سابقہ بس اسٹینڈ کی زمین بھی کے ایس آر ٹی سی نے پرائیویٹ پارٹی کو لیز پر دے دی جہاں تجارتی کامپلیکس کی تعمیر ہو رہی ہے ۔ ایسے میں بس اسٹینڈ کی حالت دیکھ کر لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہوگئے ہیں کہ کیا 'ہائی ٹیک' بس اسٹینڈ اسی معیار کے ہوتے ہیں ؟
    
اب منکال وئیدیا چونکہ اس علاقے کے ایم ایل اے ہی نہیں بلکہ ضلع انچارج وزیر بھی بن چکے ہیں ، تو امید کی جانی چاہیے کہ ہو سکتا ہے وہ اس بس اسٹینڈ کو صحیح معنے میں ہائی ٹیک بنانے کی طرف توجہ دیں۔


Share: